جولٹا نیوز    

خبر سب سے پہلے  

JoltaNews Logo

چودھری نثار کی وزیراعظم سے ملاقات، دھرنے اور میٹرو کے مسائل سے آگاہ کیا

چودھری نثار کی وزیراعظم سے ملاقات، دھرنے اور میٹرو کے مسائل سے آگاہ کیا

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی جس میں دھرنے اور میٹرو توسیعی پروجیکٹ کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ فیض آباد میں دھرنے اور میٹروسٹیشن کی تعمیر میں سست روی کی وجہ سے شہریوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لہٰذا یہ دونوں مسائل جلد از جلد حل کرائیں۔ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ گذشتہ چند دنوں سے فیض آباد کے مقام پر موجود دھرنے کے سبب راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہری بے انتہاء مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موٹر وے پر میٹرو سٹیشن پراجیکٹ کی تعمیر میں سست روی کی وجہ نہ صرف ملحقہ آبادیوں بلکہ ملک بھر سے آنے والے شہریوں کو دقت کا سامنا ہے۔تعمیری عمل کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ شہریوں کو متبادل راستے فراہم کیے جائیں تاکہ انکی مشکلات کم کی جا سکیں۔

واضح رہے کہ ختم نبوت کے قانون میں مبینہ ترمیم کے خلاف مذہبی جماعت تحریک لبیک یارسول اللہ کے احتجاجی مظاہرین کی وجہ سے گزشتہ ہفتے سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

loading...